بنگلورو۔11؍نومبر(ایس او نیوز)ریاستی حکومت کی جانب سے ٹیپو سلطان جینتی منانے کی مخالفت میں بھارتیہ جنتاپارٹی( بی جے پی) نے آج بنگلور سمیت ریاست بھر میں احتجاج کیا۔ بنگلور، میسورو، مڈکیرے ، چامراج نگر ،کولار، چکبالاپور، رام نگرم، ٹمکور ، شیموگہ ، چکمگلور ،لاونگیرے، اڈپی، شمالی کینرا،جنوبی کینرا، بلگاوی،بلاری،کلبرگی سمیت دیگر اضلاع اور تعلقہ ہیڈکوارٹرس میں مقامی بی جے پی لیڈروں اور کارکنان نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت کے اس فیصلہ کے خلاف نعرے لگائے اورٹیپو جینتی کو منسوخ کرنے کی مانگ کی۔ شہر کے ٹاؤن ہال کے سامنے بی جے پی کے ریاستی صدر وسابق وزیراعلیٰ بی یس ایڈی یورپا کی زیر قیادت کئے گئے احتجاج میں سابق نائب وزیراعلیٰ آر اشوک ،اروند لمباولی، اراکین کونسل پی سی موہن، شوباکرندلاجے،سریش کمار،کٹا سبرامنیا نائیڈو،منی راجو سمیت دیگر لیڈران شریک تھے۔احتجاج کے دوران ودھان سودھا کو تالا ڈالنے کی کوشش کرنے پر پولیس نے بی جے پی لیڈران کوحراست میں لے کر انہیں بعدمیں رہاکر دیا۔اسی طرح میسور میں کئے گئے احتجاج کے دوران مقامی رکن پارلیمان پرتاپ سمہاکو بھی حراست میں لیاگیا۔ گزشتہ سال ٹیپو جینتی کے دوران مڈکیرے میں تشدد میں ایک جان بھی چلی گئی تھی۔ اس مرتبہ مڈکیرے میں مقامی رکن اسمبلی وسابق اسمبلی اسپیکر کے جی بوپیاکی زیر قیادت احتجاج کیاگیا۔ جس میں فرقہ پرست تنظیموں کے کارکنان نے بھی شرکت کی۔ بوپیا نے مڈکیرے میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے منعقد کردی ٹیپو جینتی تقریب میں داخل ہوکر تھوڑی دیر کے لئے تقریب کو روک کر اسے منسوخ کرنے کی مانگ کی بعد میں مقامی پولیس نے احتجاجیوں کو حراست میں لے کر بعدمیں رہاکردیا۔ساحلی کرناٹک کے جنوبی کینرا، اڈپی،کاروار، علاقوں میں بی جے پی اور آر ایس ایس سمیت دیگر ہندو تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیاگیا۔رکن پارلیمان نالینا کمار پاٹل رکن اسمبلی انگری، سابق ومیرکرشنا پالیوار،اڈپی میں رکن اسمبلی سنیل کمار،سابق رکن کونسل رگھو پتی بھٹ نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ ہندو نواز تنظیموں کی جانب سے ریاست بھر میں کئے گئے احتجاج کو مدنظر رکھ کر بنگلور سمیت ریاست بھر میں پولیس کا سخت بندوبست کیاگیاتھا۔ شرپسند عناصرپرکڑی نظر رکھنے کے لئے ریپڈایکشن فورس (آر اے ایف) جوانوں کوتعینات کیا گیا ہے۔میسور میں ٹیپو سلطان جینتی کے خلاف بی جے ی، بجرنگ دل، وشواہندو پریشد،سری رام سینا کے کارکنان نے ڈپٹی کمشنر دفتر کے سامنے ہاتھ پرسیاہ پٹی باندھ کر احتجاج کرتے ہوئے سیاہ دن منایا۔ مقامی رکن پارلیمان پراتاپ سمہا،سابق وزیر وجئے شنکر سمیت دیگر لیڈران کو حراست میں لے کر بعدمیں رہاکردیاگیا۔ شہر کے ٹاؤن ہال کے سامنے کئے گئے احتجاج کے دوران بی جے پی کے ریاستی صدر بی ایس ایڈی یورپا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی مسلم مخالف نہیں ہے۔ ہمارا احتجاج صرف ٹیپو کے خلاف ہے دلت کسان اور عام افراد کے خلاف نہیں۔ وزیراعلیٰ جیل خانوں سے قیدیوں کو ہٹاکر بی جے پی لیڈران اور کارکنان کو جیلوں میں بھرنے کا اقدام کریں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بی جے پی ریاستی حکومت کے خلاف سخت احتجاج کرے گی۔